مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 ستمبر 2022ء ) سعودی عرب میں گھر کے فریج سے بوڑھی خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی جس کو اس کے پوتے نے چھپا رکھا تھا، رشتے دار فون کرتے پر تو کہتا دادی سو رہی ہیں‘ بوڑھی خاتون کے جاننے والے نے شک پر پولیس بلائی تو بھانڈہ پھوٹ گیا۔ گلف نیوز نے آن لائن سعودی اخبار سبق کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سعودی پولیس کو 70 سال کی ایک مردہ خاتون کی لاش اس کے پوتے کے گھر کے فریج میں ملی ہے، یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بوڑھی خاتون کے رشتہ داروں نے اسے بار بار فون کیا لیکن ہر بار اس کے 41 سالہ پوتے نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سو رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شک ہونے پر ایک رشتہ دار صوبہ مکہ کے ایک حصے ربیغ گورنری میں خاتون کے گھر گیا جہاں اس نے دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی جواب نہ ملا، جس پر اس نے پولیس کو اطلاع دے دی تو گھر کی تلاشی لینے پر انہوں نے پوتے کے گھر میں فریج کے اندر خاتون کی لاش کو منجمد پایا، جس پر پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا جب کہ واقعے کے حالات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے اور حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
دوسری طرف سعودی عرب میں تربوز میں چھپا کر نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے والا گروہ پکڑا گیا ، اس مقصد کے لیے سمگلروں نے تربوز کی کھیپ میں انتہائی مہارت سے منشیات چھپا رکھی تھی تاہم سمگلروں کے اس گروہ کی کڑی نگرانی کے نتیجے میں مذکورہ کھیپ پکڑی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے عمل میں لائی گئی کامیاب کارروائی کے باعث کے 7 لاکھ 65 ہزار نشہ آور گولیاں ضبط کرلی گئیں اور ان کی سمگلنگ کی کوشش میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 2 سعودی عرب کے شہری اور 3 شام سے تعلق رکھنے والے غیرملکی شامل ہیں
Source : UrduPoint
